نئی دہلی ،22؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ای ڈی نے کہاکہ بیکانیر زمین گھوٹالے سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں اس نے دوافرادکوگرفتارکیاہے۔ایجنسی نے گرفتار شدہ دونوں لوگوں کی شناخت جے پرکاش باگروا اور اشوک کمار کے طور پر ظاہر کی ہے۔اس نے کہاکہ اشوک کمارمیسرزاسکائی لائٹ ہسپٹیلٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے مہیش ناگر کا قریبی ساتھی ہے۔ایجنسی نے کہا کہ ان سب کو منی لانڈرنگ کی روک تھام قانون (پی ایم ایل اے)کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔الزام ہے کہ اسکائی لائٹ ہسپٹیلٹی فرم کانگریس صدر راہل گاندھی کے بہنوئی رابرٹ وڈرا کے ساتھ منسلک ہے۔ایجنسی نے اس سال اپریل میں کمار اور ناگر کے احاطے کی تلاشی لی تھی۔ایسا کہا جاتا ہے کہ اس فرم کی طرف سے بیکانیر میں زمین کی خریداری کے چار مقدمات میں سرکاری نمائندے ناگر ہی تھا۔ایجنسی نے الزام لگایا ہے کہ کمار نے دوسرے لوگوں کی’پاور آف اٹارنی‘کا استعمال کرکے اسی علاقے میں زمین خریدی تھی۔ ای ڈی کی یہ تحقیقات کچھ سال پہلے راجستھان میں بیکانیر ضلع کے کولایت علاقے میں کمپنی کی طرف سے مبینہ طور پر 275 بیگھہ زمین خریدے جانے سے منسلک ہے۔پی ایم ایل اے کے تحت ای ڈی نے اس سلسلے میں بہت سے سرکاری حکام اور دوسرے لوگوں کی 1.18 کروڑ روپے قیمت کی جائیداد ضبط کرلی ہے۔ای ڈی نے اس سلسلے میں 2015 میں مقدمہ درج کیاتھا۔